ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ہیلمیٹ بیداری ریلی؛ پیر سے بھٹکل میں برتی جائے گی سختی

بھٹکل میں ہیلمیٹ بیداری ریلی؛ پیر سے بھٹکل میں برتی جائے گی سختی

Sat, 30 Jul 2022 20:34:40    S.O. News Service

بھٹکل 30 جولائی (ایس او نیوز)   عوام میں ہیلمیٹ کو لے کر بیداری پیدا کرنے اور گاڑیاں بالخصوص موٹر بائک چلانے والوں کو  حادثات سے محفوظ رہنے  کے لئے ضروری  ہدایات پر عمل کرنے   کا پیغام دیتے ہوئے آج سنیچر کو بھٹکل میں محکمہ پولس کی جانب سے بائک ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف علاقوں سے گذرتے ہوئے پولس تھانہ پہنچ کر اختتام کو پہنچی۔

بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کے اہلکاروں نے  شرالی شاردا ہولے سے  سرکل پولس انسپکٹر پرمیشور نائک کی قیادت میں ریلی نکالی، جبکہ  بھٹکل ٹاون پولس کے اہلکاروں نے سرکل پولس انسپکٹر دیواکر کی قیادت میں تینگنگونڈی کراس نیشنل ہائی وے سے ریلی نکالی۔   شرالی سے نکلی ریلی جب تینگنگونڈی کراس پر پہنچی تو دونوں پولس تھانہ کے اہلکاروں نے ریلی کو ایک ساتھ آگے  بڑھایا۔

ریلی کا آغاز کرتے ہوئے مضافاتی پولس انسپکٹر پرمیشور نائک نے بتایا کہ  سواریوں بالخصوص  دو پہیہ سواریوں کے لئے  ہیلمیٹ پہن کر گاڑی چلانا ضروری ہے کیونکہ حادثات ہونے کی صورت میں اکثر چوٹ سر کو ہی لگتی ہے،  انہوں نے بتایا کہ  پیر سے بھٹکل میں ہیلمیٹ کو لے کر سختی برتی جائے گی۔ ساتھ ساتھ موبائل پر بات کرتے ہوئے گاڑیاں چلانے والوں سمیت بغیر لائسنس کم عمر بچوں کو بائک چلانے کی صورت میں سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے بائک پر ٹریپل سیٹ کرنے، بغیر انڈیکیٹر یا ہاتھ کا اشارہ کئے بغیر اچانک بائک کو موڑنے سمیت دیگر ٹریفک رول پر سختی کےساتھ عمل کرنے کی ہدایت دی۔

پی ایس آئی بھرت سمیت دیگر کافی  پولس اہلکار ریلی میں شریک تھے۔

 


Share: